Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2016 12:42am

فیس بک کا فرضی پروفائلز کے خلاف فیچر متعارف

فیس بک نے اپنے صارفین کو ہراساں کرنے کا ذریعہ بننے والے فرضی ہم نام اکاﺅنٹس کے خلاف ٹول متعارف کرا دیا ہے۔

جی ہاں سماجی رابطے کی یہ مقبول ترین ویب سائٹ ایک نئے فیچر کو آزما رہی ہے جس کے تحت آپ کو خودکار طور پر نوٹیفکیشن اس وقت بھیجا جائے گا جب وہ سسٹم کسی اور صارف کو آپ کے اکاﺅنٹ کی ہو بہو نقل کرتے ہوئے دیکھے گا یعنی نام اور پروفائل فوٹو وغیرہ۔

جب فیس بک کسی صارف کو آپ کی پروفائل کی نقل کرتے ہوئے دیکھے گا تو وہ اس کے بارے میں آپ کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔

اس کے بعد آپ سے پوچھا جائے گا کہ اس فرضی پروفائل میں آپ کی ذاتی معلومات تو استعمال نہیں کی گئی یا وہ کسی ایسے شخص کا اکاﺅنٹ ہے جس نے آپ کی نقل نہیں کی۔

اس فیچر کی آزمائش گزشتہ سال نومبر سے ہورہی ہے اور اب سے دنیا بھر میں 75 فیصد مقامات پر پیش کردیا گیا ہے اور مستقبل قریب میں یہ سب صارفین کے لیے میسر ہوگا۔

فیس بک کے ہیڈ آف گلوبل سیفٹی انٹیگون ڈیوس کے مطابق اگرچہ کسی کی پروفائل کی نقل پر آئی ڈی بنانا زیادہ بڑا مسئلہ نہیں مگر یہ لوگوں کو ہراساں کرنے کا ذریعہ ضرور بن سکتا ہے جو کہ کمپنی کی پالیسی کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی فرضی پروفائلز خواتین کے لیے زیادہ فکرمندی کی علامت ہوتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیچر کے ذریعے بھیجے جانے والے الرٹس کا مقصد صارفین خاص طور پر دنیا بھر میں خواتین کے لیے فیس بک کا استعمال زیادہ محفوظ بنانا ہے۔

یہ فیچر خودکار ہے تاہم جن پروفائلز پر فرضی کا فلیگ ہوگا ان کا جائزہ فیس بک کا عملہ خود لے گا۔

تاہم اگر نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوتا اور آپ کو اپنی پروفائل کی نقل مل جاتی ہے تو اس کے لیے یہ طریقہ کار اختیار کریں۔

فرضی پروفائل کی پروفائل میں جائیں اور کور فوٹو پر موجود اس نشان ۔۔۔ پر کلک کرکے رپورٹ کے آپشن کا انتخاب کریں۔

اس کے بعد اسکرین پر آنے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے رپورٹ فائل کردیں۔

Read Comments