کھیل

قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے عاقب جاوید سے رابطہ

سابق فاسٹ باؤلر نے عہدہ قبول کرنے کی حامی بھرلی، عاقب اس وقت متحدہ عرب امارات کے کوچ ہیں۔

اسلام آباد: سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم کے کوچ کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا اور وہ اس عہدے کے لیے تیار ہیں۔

عاقب جاوید کا غیرملکی ویب سائٹ اسپورٹس 360 کو دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھا کہ 'پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں عہدے کے لیے امیدواروں میں سے ایک ہوں اور کہا گیا کہ اگر آپ کو کوچنگ کے لیے پیش کش کی جائے تو کیا آپ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جس پر میں نے ہاں کردی'۔

خیال رہے کہ پیر کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس مستعفی

انٹرویو میں سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ 'اگر مجھے پاکستان ٹیم کے کوچ کا عہدہ ملا تو مجھے بہت خوشی ہوگی لیکن اگر موقع نہیں ملا تو مجھے افسوس ہوگا'۔

عاقب جاوید متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں جبکہ وہ پاکستانی ٹیم کے باؤلنگ کوچ اور انڈر19 ٹیم کے کوچ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان انڈر19 ٹیم ان کی کوچنگ میں 2004 میں عالمی چمپیئن بنی تھی۔

پی سی بی نے وقاریونس کے استعفے کے فوری بعد قومی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ' میں تاحال متحدہ عرب امارات میں اپنے کام سے لطف اندوز ہورہا ہوں، میرا دل بدستور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہے تاہم اس حوالے سے ایمرٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی)سے بات کرنا قبل از وقت ہوگا'۔

عاقب جاوید 2012 سے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ساتھ ہیں، ان کی زیر سرپرستی ٹیم نے ورلڈ کپ 2015 میں جگہ بنائی۔

متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔