کراچی میں آج سے شدید گرمی کی پیش گوئی
کراچی: محکمہ موسمیات نے جمعہ سے اتوار تک کراچی اور اس کے ساحلی علاقوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آج سے ہوا کا رخ تبدیل ہوگا اور خشک اور شدید گرم ہوائیں کراچی اور اس سے ملحقہ ساحلی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں رکھیں گی، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ گرمی کی اس نئی لہر کے باعث جمعہ سے اتوار تک شہر قائد میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
تاہم پیر سے ہوا کا رخ ایک بار پھر تبدیل ہوجائے گا اور ٹھنڈی سمندری ہوا چلنا شروع ہوجائے گی، جس سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔
60 ہیٹ ویو سینٹرز قائم
دوسری جانب کراچی میں آئندہ تین روز تک شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر شہر کی انتظامیہ نے 60 ریسپانس سینٹرز قائم کردیے۔
شہری انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ گرمی کے پیش نظر کراچی میں 171 ریسپانس سینٹرز قائم کیے جائیں گے، تاہم پہلے مرحلے میں شہر کے ہر اضلاع میں 10، 10 ہیٹ ویو ریسپانس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
یہ خبر 22 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔