Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 مئ 2016 06:19pm

کرن جوہر بھی صنم سعید کے مداح

پاکستانی اداکار ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے صرف یہاں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی داد وصول کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بولی وڈ ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر پاکستانی اداکارہ صنم سعید کی تعریفوں میں مصروف ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ہندوستان دراصل ایک ہیں، صنم سعید

ہندوستانی چینل زندگی پر ایک طویل عرصے سے پاکستانی ڈرامے نمائش کے لیے پیش کیے جارہے ہیں اور اگر آپ کو یاد ہو تو اداکار فواد خان نے بھی بولی وڈ میں اتنی بڑی جگہ 'ہمسفر' اور 'زندگی گلزار ہے' جیسے بہترین ڈراموں میں کام کرنے سے حاصل کی۔

اب ایسا لگتا ہے کہ ماہرہ خان اور فواد خان سمیت کئی دوسرے اداکار جو بولی وڈ میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں ان کے بعد صنم سعید بھی جلد بولی وڈ میں کام کرتی نظر آئیں گی کیوں کہ اداکارہ نے کرن جوہر کو اپنی بہترین اداکاری سے کافی متاثر کیا ہے۔

صنم کا کامیاب پاکستانی ڈرامہ 'زندگی گلزار ہے' اس وقت ہندوستانی چینلز پر نشر کیا جارہا ہے جس میں اداکارہ نے ایک مڈل کلاس گھرانے کی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، اس ڈرامے کو ہندوستان میں بے حد پسند کیا جارہا ہے جس کی وجہ اس میں فواد خان کا ہونے کے ساتھ ساتھ صنم کی مضبوط اداکاری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ میں کام کرسکتی ہوں، صنم سعید

کرن جوہر نے حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صنم سعید کو فالو کیا اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈرامہ 'زندگی گلزار ہے' میں ان کی بہترین اداکاری کی تعریف بھی کر ڈالی۔

اس کے فوری بعد اداکارہ نے تعریف اور ٹوئٹر پر انہیں فالو کرنے کے لیے کرن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

کرن کی اس ٹویٹ سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید وہ فواد کے بعد اب صنم کو بھی اپنی فلموں کا حصہ بنانے کا ارادہ کر رہے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments