Dawn News Television

شائع 26 مئ 2016 04:22pm

ملک بھرمیں'کومبنگ آپریشنز'جاری ہیں،آرمی چیف

کوئٹہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں 'کومبنگ آپریشنز' جاری ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سدرن کمانڈ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انھیں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے خطاب میں آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی ادارہ پاک فوج جیسی کارروائیاں تن تنہا نہیں کرسکتا۔

آرمی چیف نے جوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیاب رہا اور اس وقت کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کا حتمی مقصد پرامن اور خوشحال پاکستان ہے تاہم آپریشن کے مکمل مقاصد کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون 2014 کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا، جو آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا اور بعدازاں سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں آپریشن ’خیبر ون‘ اور 'خیبر ٹو' کے تحت کارروائیاں کیں جو گذشتہ برس اختتام پذیر ہوچکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments