Dawn News Television

شائع 26 مئ 2016 04:36pm

حفیظ کی دورہ انگلینڈ میں شرکت مشکوک

پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی انجری مزید طوالت اختیار کر گئی ہے جس کے سبب ان کی آئندہ ماہ قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ انگلینڈ کیلئے روانگی مشکوک ہو گئی ہے۔

محمد حفیظ رواں سال ہونے والے ایشیا کپ میں انجری کا شکار ہوئے جو ورلڈ ٹی ٹوئنتی کے دوران بگڑ گئی اور انجری کے سبب وہ مکمل ایونٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے۔

حفیظ کی تازہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان کے گھٹنے کی صورتحال تسلی بخش نہیں لیکن سلیکشن کمیٹی دورہ انگلینڈ کیلئے ان کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ٹیسٹ کی رپورٹس کے بعد کرے گی۔

یاد رہے کہ بدھ کو چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کی سلسلے میں لگائے جانے والے اسکل کیمپ کیلئے 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا جس میں حفیظ کا نام بھی شام کیا گیا تھا لیکن چیف سلیکٹر نے واضح کیا تھا کہ ان کی کیمپ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔

اسی انجری کے سبب حفیظ قومی کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیئے کاکول میں فوج کی زیر نگرانی لگائے گئے فٹنس کیمپ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

ذرائع کے مطابق حفیظ کی رپورٹس آنے کے بعد پی سی بی نے آل راؤنڈر کے ممکنہ متبادل کے نام پر بھی غور شروع کردیا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments