Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 مئ 2016 01:09am

اعصام الحق فرنچ اوپن کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے

پیرس: پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق اور کینیڈا کے ڈینیل نیسٹر کی جوڑی, فرنچ اوپن میزن ڈبلز کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئی۔

اعصام الحق کی جوڑی نے فرنچ اوپن ٹینس کے دوسرے مرحلے میں اسرائیل کے جوناتھن ایرلک اور برطانیہ کے کولن فلیمنگ کو 6-3 اور 7-6 سے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دے کر تیسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ایونٹ کے پہلے مرحلے میں اعصام الحق اور ڈینیل نیسٹر پر مسشتمل جوڑی نے اسپین کے کروینٹس اور اطالوی کھلاڑی لورینزی کو 7-6 اور 7-5 کے اسٹریٹ سیٹ میں شکست دی۔

پاکستانی اسٹار فرنچ اوپن میں 9 ویں مرتبہ شرکت کررہے ہیں جبکہ وہ 34 گرینڈ سلیم ایونٹ میں حصہ لے چکے ہیں۔

انھوں نے 2010 کے یو ایس اوپن کے مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جو ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

یوایس مینز ڈبلز کے مقابلے میں اعصام کی جوڑی ہندوستان کے روہن بوپنا سے تھی جس کے لیے انھیں دوسری دفعہ آرتھر ایشے ہیومنیٹیرین ایوارڈ 2010 سے نوازا گیا تھا۔

اس سے قبل یہ ایوارڈ انھوں نے اسرائیل کے عامر ہیدید کےساتھ مشترکہ طورپر2002 میں حاصل کیا تھا جس کے بعد وطن واپسی پر ان کی جوڑی پر سخت تنقید کی گئی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments