Dawn News Television

شائع 06 جون 2016 10:38pm

دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ طیارہ متعارف

تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کررہی ہے اور کمپنیاں اس سے مختلف اشیاءتیار کررہی ہیں تاہم اب پہلی بار اس کی مدد سے ایک تھری ڈی طیارہ بھی پرنٹ کرلیا گیا ہے۔

جی ہاں یورپی کمپنی ائیربس نے ایک چھوٹا طیارہ تھور تیار کیا ہے جو کہ دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ جہاز ہے۔

یہ چھوٹا طیارہ برلن ائیر شو کے دوران متعارف کرایا گیا۔

بغیر کھڑکیوں کے اس طیارے کا وزن 21 کلو ہے اور اس کی لمبائی چار میٹر سے بھی کم ہے۔

کمپنی ا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا کچھ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم یہ دیکھ رہے کہ تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے صرف انفرادی سطح پر پرزے نہیں بلکہ پورے سسٹم کو کیسے تیار کیا جاسکتا ہے۔

بظاہر ایک ماڈل نظر آنے والا یہ طیارہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سے عندیہ ملتا ہے کہ مستقبل میں تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے طیاروں کی تیاری کے لیے وقت، ایندھن اور پیسوں کو بچایا جاسکے گا۔

یہ طیارہ مکمل طور پر تھری ڈی پرنٹڈ ہے ماسوائے اس کے برقی عناصر ہے۔

اس وقت ائیربس اور بوئنگ جیسی کمپنیاں تھری ڈی پرنٹر کو کچھ طیاروں کے پرزوں کی تیاری کے لیے استعمال کررہی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments