سونے کی قیمتیں 6 ہفتے کی بلند ترین سطح پر
لندن: برطانیہ کے یورپی یونین سے ممکنہ اخراج اور ماہ جون میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر نہ بڑھنے کی تشویش کے باعث سونے کی قیمتیں 6 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت رواں ماہ 6 فیصد بڑھ کر 1289.80 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو فروری کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
پاؤنڈ کرنسی میں بھی سونے کی قیمتیں تقریباً 3 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 910.04 ہوگئی، جس کی ایک بڑی وجہ پاؤنڈ کی قدر کم ہوکر گزشتہ 8 ہفتوں کی کم ترین سطح ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ 28 ممالک پر مشتمل یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو یورپی ممالک ایک بار پھر کساد بازاری کا شکار ہوجائیں گے جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
سونے کی نسبت چاندی کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی اور اسپاٹ چاندی کی قیمت صفر اعشاریہ 1 فیصد کمی سے 17.41 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
اسپاٹ پلاٹینم کی قیمت صفر اعشاریہ 5 فیصد کمی سے 981.60 ڈالر رہی، جبکہ پلیڈیم میں صفر اعشاریہ 7 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد اس کی قیمت 536.10 ڈالر ہوگئی۔
یہ خبر 15 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔