یوروکپ:روس کو شکست، فرانس ناک آؤٹ مرحلے میں
پیرس : یورو کپ 2016 کے گروپ میچوں میں روس کو سلوواکیہ سے شکست ہوگئی جبکہ میزبان فرانس البانیہ کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
فرانس میں جاری یورو کپ 2016 میں روز 3 میچ کھیلے گئے، پہلا میچ گروپ بی کی ٹیموں روس اور سلوواکیہ کے درمیان کھیلا گیا۔
روس بمقابلہ سلواکیہ
سلوواکیہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہاف 2 گول کیے۔
ولادی میر ویس اور میریک ہیمسیک کے ایک، ایک گول سے روس کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی جبکہ روس نے برتری کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ایک گول سے آگے نہیں بڑھ پائے۔
روس کی جانب سے واحد گول ڈینیس نے کیا۔
فرانس بمقابلہ البانیہ
میزبان فرانس نے البانیہ کو ڈرامائی انداز میں 0-2 سے شکست دے کر گروپ میں دوسری کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے اور اگلے مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
ایونٹ کی فیورٹ میزبان ٹیم اور البانیہ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تاہم میچ کے آخری لمحات میں 2 گول نے میچ کا نقشہ ڈرامائی انداز میں میزبان کے حق میں کردیا۔
فرانس کی جانب سے کھیل کے آخری منٹ میں گریزمین نے پہلا گول کیا جبکہ پیوٹ نے انجری ٹائم میں گول کر کے برتری دوگنی کردی۔
سوئٹزرلینڈ اور رومانیہ
گروپ اے میں ایک اور میچ سوئیٹزرلینڈ اور رومانیہ کے درمیان کھیلا گیا جو 1-1 گول سے برابر رہا۔
اسٹانکو نے رومانیہ اور مہمدی نے سوئٹزلینڈ کے لیے ایک ایک گول کئے۔
ایونٹ کے اگلے مقابلوں میں انگلینڈ کا ویلز سے، یوکرین کا شمالی آئرلینڈ اور عالمی چیمپین جرمنی کا پولینڈ سے سامنا ہوگا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔