Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 جون 2016 03:22pm

ندیم جعفری کا موبائل فون ڈکیتی پر سیکیورٹی کا مطالبہ

کراچی: پاکستانی اداکار و گلوکار ندیم جعفری کو گلشن اقبال کے علاقے میں ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انھوں نے سیکیورٹی کا مطالبہ کردیا۔

فلم ’رونگ نمبر‘ کے مشہور اداکار ندیم جعفری صبح سحری کے وقت اپنے گھر کے باہر ڈکیتی کا نشانہ بنے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں 2 کم عمر لڑکے ملوث تھے جو اداکار سے ان کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ندیم جعفری نے اپنی سیکیورٹی کا مطالبہ کردیا۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ندیم جعفری پر فائرنگ بھی کی گئی، جس پر اداکار کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔

مزید پڑھیں: معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک

دوسری جانب ندیم کے ساتھی اداکار وگلوکار فخر عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے ٹویٹ کی۔

ان کا کہنا تھا ’میرے قریبی دوست آرٹسٹ ندیم جعفری کو سحری کے بعد ڈکیتی میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، اللہ کا شکر وہ محفوظ ہیں‘۔

فخر عالم کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ندیم کو ان کے گھر کے باہر لوٹا گیا، اور ان کی پوری فیملی اس سے خوفزدہ ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 22 جون کو معروف قوال امجد صابری کو بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فخرِعالم چیئرمین سنسر بورڈ کے عہدے سے مستعفیٰ

اس واقعے کے بعد فخر عالم سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات نے مل کر سیاست دانوں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی پر ایک احتجاجی ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے آرٹسٹوں کے لیے بھی اُسی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا جو سیاست دانوں کو فراہم کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے احتجاجی ویڈیو کے بعد فخر عالم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد انہوں نے سنسر بورڈ چئیرمین سندھ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments