Dawn News Television

شائع 01 جولائ 2016 07:18pm

کویت آتشزدگی:وزیراعظم کی پاکستانیوں کی میتیں واپس لانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کویت میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والے 9 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لانے کے متعلقہ حکام کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری ہیومن ریسورس اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشنز (او پی ایف) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دفتر خارجہ یا پاکستانی سفارتخانے سے اس سلسلے میں تعاون کریں۔

محمد آصف، ان کی اہلیہ، 2 بیٹے، 2 بیٹیاں، والدہ، سالی اور بھانجا جمعرات کی رات، کویت سٹی کے علاقے فراوانیا میں گھر میں آتشزدگی سے ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کویت:رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے 9 پاکستانی، ہندوستانی ہلاک

وزیر اعظم نواز شریف نے دفتر خارجہ اور او پی ایف کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ہلاک افراد کے اہلخانہ سے رابطہ کرکے انہیں تمام حالات سے باخبر رکھیں۔

انہوں نے ہلاک افراد کے لواحقین کو تین روز کے اندر امدادی رقم دینے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ کویت سٹی کے نواحی علاقے فراوانیا کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 23 افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے تھے۔

کویتی فائر سروس ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک بچے سمیت 6 افراد آگ لگنے کے بعد موقع پر ہی دم گھٹ کر ہلاک ہوگئے، جبکہ 3 زخمی ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments