کاروبار

سونے کی قیمت سال کی بلند ترین سطح پر

فی تولہ قیت 51 ہزار 500 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 441 روپے اضافے کے بعد 44 ہزار 142 روپے ہوگئی۔

کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 550 روپے اضافے کے بعد 51 ہزار 500 روپے تک جا پہنچی۔

10 گرام سونے کی قیمت بھی 441 روپے اضافے کے بعد 44 ہزار 142 روپے ہوگئی۔

آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا، جہاں سونے کی فی اونس قیمت 1359 ڈالر ہے۔

سال کے آغاز سے ہی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 200 روپے تک کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 171 روپے بڑھ چکی ہے۔

جبکہ اسی عرصے میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 297 ڈالر فی اونس تک بڑھ چکی ہے، جنوری کے پہلے ہفتے میں 10 گرام سونے کی قیمت 37 ہزار 971 روپے جبکہ ایک تولہ سونے کی قیمت 44 ہزار 300 روپے تھی۔

یہ خبر 12 جولائی 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی