پاکستان

بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ: مسافر طیارہ رن وے سے نیچے آگیا

ٹیک آف کے بعد فنی خرابی کی نشاندہی پر پائلٹ نے لینڈنگ کی تاہم طیارہ رن وے سے نیچے کچے میں اُتر گیا، پی آئی اے ترجمان

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا اسکردو جانیوالا مسافر طیارہ فنی خرابی کے باعث رن وے سے نیچے کچے میں اُتر گیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹیک آف کے بعد فنی خرابی کی نشاندہی پر پائلٹ نے دوبارہ لینڈنگ کی تاہم طیارہ رن وے سے اُتر کر کچے میں چلا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا، انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 451 نے صبح 8 بجے اسلام آباد سے اسکردو روانہ ہونا تھا جو فنی خرابی کی وجہ تاخیر سے روانہ کی گئی۔

پی آئی اے کے متاثر طیارے کو کچے سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے— فوٹو: حسیب بھٹی.

ادھر ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارہ ایئرپورٹ کے رن وے سے ٹیک آف نہ کر سکا تھا اور پرواز سے قبل ہی طیارے کا ہائیڈرالک سسٹم فیل ہو گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کے عملے نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد طیارے کو کچے سے ہٹایا تاہم اس دوران ایئرپورٹ کا رن وے بند کردیا گیا، جس سے متعدد پروازیں تاخیر کاشکار ہوئیں۔

تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں کراچی جانے والی پرواز پی کے 365، کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز 324 اور سکھر جانے والی پرواز پی کے 692 شامل ہیں۔

دوسری جانب جدہ جانے والی پرواز پی کے 271 کا رُخ اسلام آباد سے لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔