Dawn News Television

شائع 31 اگست 2016 06:08pm

پاکستان، عالمی بینک کے درمیان قرض معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 65 کروڑ ڈالر قرض کے 4 معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے۔

سیکریٹری اقتصادی امور طارق باجوہ اور عالمی بینک کے کَنٹری ڈائریکٹر نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ان معاہدوں پر دستخط کیے، جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔

پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان ہونے والے پہلے معاہدے کے تحت عالمی بینک، بلوچستان میں پانی کے وسائل کی ترقی کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سڑکوں کی بہتری:ایشیائی ترقیاتی بینک قرض دینے پر راضی

دوسرے معاہدے کے تحت پنجاب میں تعلیمی منصوبے کے لیے عالمی بینک 30 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

تیسرے معاہدے کے تحت سندھ میں سیلاب اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے منصوبوں کے لیے عالمی بینک 10 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

متعدی امراض سے بچاؤ کے پروگرام سے متعلق چوتھے منصوبے کے لیے عالمی بینک 5 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کے دوران اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے عوام کی فلاح و بہبود کا عمل تیز ہوگا۔

Read Comments