Dawn News Television

شائع 29 ستمبر 2016 12:35am

پاکستان کا ’انسداد رشوت ستانی معاہدے‘ کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان نے دیگر ممالک سے خریداری میں کمیشن اور کک بیکس کا راستہ روکنے کے لیے انسداد رشوت ستانی معاہدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد میں ٹیکس معاملات پر او ای سی ڈی کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان 14 ستمبر کو او ای سی ڈی کا رکن بن گیا ہے، جبکہ او ای سی ڈی معاہدے پر 2018 میں عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ او ای سی ڈی سے خریداری میں کمیشن اور کک بیکس کا راستہ روکنے کے لیے بھی معاہدہ کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے قوانین تبدیل کرنا ہوں گے، سوئس حکومت کے ساتھ ٹیکس سے متعلق امور پر بات چیت جاری ہے اور سوئٹزرلینڈ جب چاہے گا معاہدے پر دستخط کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ آج منہ چھپا رہے ہیں جو کہتے تھے کہ پاکستان 2014 میں دیوالیہ ہوجائے گا، مثاق معیشت ملک کی ضرورت ہے، سیاست اور معیشت کو الگ الگ رکھنا ہوگا، جبکہ دھرنوں اور دھرنیوں سے معیشت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

Read Comments