Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2016 12:40am

انڈیاکوپاکستان کے گروپ میں نہ رکھاجائے:بی سی سی آئی

ممبئی: انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر انوراگ ٹھاکر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کی ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں نہ رکھا جائے۔

ٹائمزآف انڈیا کے مطابق انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ 'یہ بات ذہن میں رکھیے کہ ہندوستان کی حکومت، پاکستان کو تنہا کرنے کی حکمت عملی اپنا چکی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ملک میں عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم آئی سی سی سے درخواست کرتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کو عالمی مقابلوں میں ایک ہی گروپ نہ رکھے'۔

یہ فیصلہ بی سی سی کے خصوصی جنرل میٹنگ کے دوران کیا گیا۔

ٹھاکر کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کےدرمیان حالات میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے جبکہ ہندوستان کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتےہوئے فائرنگ کی گئی تھی اور جوابی ردعمل کے دوران پاک آرمی نے انڈین فوج کے اہلکار کو گرفتار کیا تھا جبکہ 8 ہلاک ہوئے تھے۔

روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ میں مداحوں کی بے انتہا دلچسپی کے پیش نظر آئی سی سی کئی سالوں سے دونوں ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھتا آیا ہے۔

آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا انعقاد اگلے سال انگلینڈ میں ہوگی جس کے لیے دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں رواں سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آخری مرتبہ مدمقابل ہوئی تھیں جس میں میزبان ہندوستان کو 6 وکٹوں سے کامیابی ملی تھی۔

دونوں ٹیمیں 2007 سے باقاعدہ دوطرفہ ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل رہی ہیں تاہم 2012 میں پاکستان ٹیم نے ہندوستان کا دورہ کیا جس میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے تھے۔

واضح رہے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے انوراگ ٹھاکر کی جانب سے اس طرح کا بیان پہلے مرتبہ نہیں آیا بلکہ وہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے بیانات دے چکے ہیں۔

رواں ماہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں ہندوستانی فوج کے مرکز پر ہونے والے حملے میں 18 فوجی مارے گئے تھے جس کے بعد ہندوستانی میڈیا نے ٹھاکر کے حوالے سے بیانات نقل کئے تھے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان کے دہشت گردوں سے تعلق افشا کرنے کی پالیسی کے بعد ان کے ساتھ کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

Read Comments