Dawn News Television

شائع 15 اکتوبر 2016 06:26pm

میانداد نے آفریدی کے خلاف اپنا بیان واپس لےلیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کے خلاف میچ فکسنگ کے حوالے سے دیے گئے بیان کو واپس لیتے ہوئے معاملے کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور جاوید میانداد کے درمیان ملاقات میں دونوں نے ایک دوسرے کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔

شاہد آفریدی نے میانداد کی جانب سے اپنے الفاظ واپس لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا خیال ہے کہ یہ آپ کا بڑا پن ہے کہ آپ نے اپنے الفاظ واپس لیے جس کی وجہ سے میرے خاندان اور چاہنے والوں کا دل دکھا تھا'۔

آفریدی نے میانداد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے کبھی نہیں کہا کہ آپ مجھ سے معذرت کریں کیونکہ آپ بڑے ہیں اور آپ نے اپنے الفاظ واپس لیے یہ میرے لیے اور میرے چاہنے والوں کے لیے بڑی بات ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: میانداد کوہمیشہ پیسوں کامسئلہ رہاہے:آفریدی

آل راؤنڈر کاکہنا تھا کہ 'مجھ سے اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو اس کے لیے میں معذرت خوا ہوں'۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے آفریدی نے ایک صحافی کے سوال پر کہا تھا کہ میانداد کا ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور اب بھی ہے جس پر میانداد نے آفریدی کو میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کاالزام لگایا تھا۔

مزید پڑھیں: آفریدی نے پاکستان کے میچز بیچے:جاوید میانداد

میانداد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 'یہ بڑی اچھی بات ہے کہ شاہد میرے ساتھ بیٹھے ہیں اور میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ شاہد اور مجھ میں کوئی مسئلہ نہیں رہا چھوٹے بھائی کی طرح کھیلتا رہا ہے'۔

میانداد نے آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے پہلے ہی 9 محرم کو کہا تھا کہ میری طرف سے سارے معاملات ختم ہوگئے اگر کوئی غلطی ہوئی ہو اور بڑی باتیں بھی ہوجاتی ہیں لیکن کچھ باتوں پر مسئلہ تھا تاہم میں اپنے الفاظ واپس لے لیتا ہوں'۔

Read Comments