Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2016 04:48pm

کراچی میں رینجرز اختیارات میں مزید 90 دن کی توسیع

اسلام آباد: حکومت سندھ کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے کراچی ڈویژن میں سندھ رینجرز کے اختیارات میں 90 دن کی مزید توسیع کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کا عکس—۔ڈان نیوز

ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ رینجرز کو یہ اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ برائے 1997 کی دفعہ 4 کی ذیلی دفعہ 3 کی شق (۱) کے تحت دیئے گئے۔

ترجمان کے مطابق رینجرز اختیارات میں 90 دن کی توسیع رواں ماہ 18 اکتوبر 2016 سے نافذ العمل ہوگی۔

مزید کہا گیا کہ اس دفعہ رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملات نہایت خوش اسلوبی اور باہمی تعاون سے طے ہوئے۔

اس سے قبل رواں ماہ 3 اگست کو صوبہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات پر وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی درخواست پر 2 نوٹیفکیشن جاری کیے تھے۔

پہلا نوٹیفکیشن سندھ میں ایک سال کے لیے رینجرز کی تعیناتی جبکہ دوسرا نوٹیفکیشن رینجرز کے 90 روز کے اختیارات سے متعلق تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی کیلئے رینجرز کے خصوصی اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری

سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے نے رواں برس اُس وقت شدت اختیار کی تھی جب صوبائی حکومت نے ان اختیارات میں توسیع میں پس و پیش سے کام لیا تھا۔

صوبہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ رواں برس قومی اسمبلی میں بھی زیر بحث آیا تھا، جہاں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے رینجرز کے خصوصی اختیارات کو سندھ بھر میں توسیع دینے کا مطالبہ کیا تاہم پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے اراکین نے اس مطالبے کو آئین کے آرٹیکل 147 کی خلاف ورزی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:’رینجرز کو صرف کراچی میں خصوصی اختیارات حاصل‘

قومی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کے خصوصی اختیارات میں اضافہ کردیا ہے۔

Read Comments