Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2016 12:38pm

ایف سی گارڈ کا خاتون رپورٹر کو تھپڑ، مقدمہ درج

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) گارڈ کی جانب سے نجی چینل کی خاتون رپورٹر کو تھپڑ مارنے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ ناظم آباد میں قائم نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے آفس میں ایک ایف سی گارڈ نے نجی چینل 'کے 21' کی خاتون رپورٹر کو نامعلوم وجوہات کی بناء پر تھپڑ مار دیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔

مذکورہ رپورٹر شناختی کارڈ بنانے کے دوران شہریوں کو پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے لائیو پروگرام کررہی تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔

سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل مقدس حیدر نے ڈان کو بتایا کہ ایف سی اہلکار کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور خاتون رپورٹر کو تھپڑ مارنے کا مقدمہ گلبہار تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ پولیس نے ایف سی حکام سے رابطہ بھی کیا تاکہ مذکورہ گارڈ کو گرفتار کیا جاسکے۔

ایس ایس پی مقدس حیدر نے انکشاف کیا کہ نادرا حکام کی جانب سے بھی مذکورہ نجی چینل کے اسٹاف کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے حوالے سے پولیس سے رابطہ کیا گیا، جس میں مذکورہ اسٹاف پر کام میں مداخلت کا الزامات لگایا گیا ہے۔

Read Comments