Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2016 04:39pm

گورنر سندھ کی طبعیت ناساز، ہسپتال منتقل

کراچی: صوبہ سندھ کے نو منتخب گورنر سعیدالزماں صدیقی کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں کراچی کے نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نو منتخب گورنر سندھ کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔

جس کے بعد انھیں علاج کیلئے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا معائنہ کررہی ہے۔

تاہم گورنر ہاوس کے ترجمان کے مطابق گورنر سندھ سعید الزاماں صدیقی کی طبعیت اب پہلے سے بہتر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انھیں ایک دن کیلئے ہسپتال میں رکنے کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: عشرت العباد تبدیل، جسٹس سعید الزماں گورنر سندھ مقرر

خیال رہے کہ 9 نومبر 2016 کو صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر نئے گورنر سندھ کے تقرر کی منظوری دے دی تھی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ مقرر کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جسٹس سعید الزماں صدیقی سابق چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔

وہ 2008 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی امیدوار تھے۔

جسٹس سعید الزمان صدیقی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا.

Read Comments