پاکستان

'پی ٹی آئی 27 دسمبرکے لانگ مارچ میں شریک نہیں ہوگی'

قوم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ان سیاسی جماعتوں سے دوردیکھنا چاہتی ہے جنہوں نے پاکستان کو ہمیشہ لوٹاہے،علی محمد خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 27 دسمبر کے ممکنہ لانگ مارچ میں شریک نہیں ہوگی۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اُن سیاسی جماعتوں سے دور دیکھنا چاہتی ہے جنہوں نے پاکستان کو ہمیشہ لوٹا ہے۔

انھوں نے کہا 'اگرچہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سیاست میں متحرک ہونا خوش آئند بات ہے، لیکن انہیں چاہیئے کہ وہ اپنے والد آصف علی زرداری کی پالیسی اور نظریات سے باہر نکل کر کام کریں'۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے بلاول بھٹو سیاست کرنا چاہتے ہیں شاید بے نظیر بھٹو اگر زندہ ہوتی تو وہ انہیں ایسا کسی صورت نہ کرنے دیتیں۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی ہی وجہ سے پیپلز پارٹی اس مقام پر پہنچی اور ملک کو بھی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک آصف زرداری الگ نہیں ہوں گے اس وقت تک پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مزید پڑھیں: مطالبات نہ مانے گئے تو ’گو نثار گو‘ کے بعد ’گو نواز گو‘:بلاول

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چار مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں رواں ماہ 27 دسمبر کو حکومت مخالف لانگ مارچ کی دھمکی دے رکھی ہے۔

ایک جانب بلاول حکومت مخالف تحریک چلانے کے لیے متحرک نظر آرہے ہیں تو دوسری طرف سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاناما لیکس کیس کا فیصلہ نہ ہونے پر پی ٹی آئی بھی پھر سے سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما لیکس پر کمیشن کا وقت گزر چکا، پی ٹی آئی رہنما

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں گذشتہ ماہ یکم نومبر سے لے کر اب تک متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں، لیکن پاناما لیکس کے معاملے پر اب تک کمیشن بنانے یا نہ بنانے سے متعلق فیصلہ نہیں ہوسکا۔

اس کیس کی سماعت اب اگلے ماہ جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے، پی ٹی آئی کا اب موقف ہے کہ پاناما لیکس پر کمیشن کا وقت گزر چکا ہے، لہذا فیصلہ نئے چیف جسٹس کی سربراہی میں بننے والا بینچ ہی کرے۔

پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ کے سربراہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی رواں ماہ 31 دسمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، ان کے بعد جسٹس ثاقب نثار چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا تھا کہ نئے بینچ کی تشکیل کے بعد کیس کی نئے سرے سے سماعت ہوگی اور وکلاء کو دوبارہ دلائل دینا ہوں گے۔