کھیل

اسد کی سنچری، پاکستان کو فتح کیلئے 108 رنز درکار

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 382 رنز بنا لیے۔

برسبین: اسد شفیق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے 108 رنز اور آسٹریلیا کو دو وکٹیں درکار ہیں۔

برسبین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 70 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو یونس خان اور اظہر علی وکٹ ہر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیشن کے دوران عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلین باؤلرز کو وکٹ سے محروم رکھا اور موسم کی مداخلت نے بھی اس سلسلے میں ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

دوسرے سیشن میں مچل اسٹارک کی ایک گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اظہر علی کی 71 رنز کی اننگز اور 91 رنز کی شراکت کا خاتمہ ہو گیا۔

اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر خراب موسم کے سبب کھیل کو روک دیا گیا اور میچ دوبارہ شروع ہوا تو کچھ ہی دیر بعد کپتان مصباح الحق بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

یونس خان ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے— فوٹو اے پی

یونس خان کی گزشتہ چھ اننگز سے جاری خراب فارم کا بالآخر خاتمہ ہوا اور انہوں نے نصف سنچری اسکور کی لیکن 65 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد تجربہ کار بلے باز ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں ناتھن لایون کی وکٹ بن گئے۔

سرفراز احمد نے روایتی انداز اپنایا اور اسد شفیق کے ساتھ 47 رنز جوڑے لیکن اہم موقع پر مچل اسٹارک کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم کی بساط آئندہ چند اوورز میں لپٹ جائے گی لیکن اسد شفیق نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر تمام تر قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کردیا۔

انہوں نے محمد عامر کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے 92 رنز کی شراکت قائم کر کے کچھ آس دلائی مگر وہ 48 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

عامر کے آؤٹ ہونے کے بعد وہاب ریاض وکٹ پر پہنچے اور آسٹریلین کھلاڑیوں کے صبر کا مزید امتحان لینا شروع کیا۔

انہوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ میں پاکستان کے لیے جیت کی موہوم سی امید پیدا کی۔

اسد شفیق نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے دس چوکوں اور ایک چھکے سے مزین اپنی سنچری مکمل کی۔

وہاب چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے سے تین گیندیں قبل جیکسن برڈ کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 30 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 382 رنز بنائے تھے، اسد شفیق 100 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں اور یاسر شاہ چار رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے 108 رنز جبکہ آسٹریلیا کو دو وکٹیں درکار ہیں۔