Dawn News Television

شائع 23 دسمبر 2016 01:12pm

'بالو ماہی' کا پہلا ٹریلر، فلم کی کہانی سنجیدہ یا کامیڈی؟

فلم 'بالو ماہی' کے پہلے ٹیزر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوا تھا کہ فلم ایک سنجیدہ رومانوی کہانی پر مبنی ہے، تو اس کا نیا ٹریلر نے بلکل مختلف تاثر دیا ہے۔

فلم 'بالو ماہی' کی کہانی نہایت ہی کامیڈی نظر آرہی ہے، جس میں کئی تیز گانے اور ایکشن کے مناظر شامل ہیں، فلم ٹریلر سے تو دیکھنے میں کافی پر لطف نظرآرہی ہے، تاہم امید ہے کہ یہ اور رومانوی فلموں کی طرح نہ بنائی گئی ہو۔

مزید پڑھیں: 'بالو ماہی' میں صدف کنول کا کردار کیا ہے؟

فلم کے ٹریلر سے کہانی کا کچھ ایسا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، جیسے مرکزی کردار عثمان خالد بٹ ایک ایسی شادی میں پہنچ جاتے ہیں، جہاں وہ سمجھتے ہیں کہ شادی میں موجود دلہن وہ لڑکی ہے جس سے وہ پیار کرتے تھے، تاہم قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا ، وہ لڑکی کوئی اور یعنی عینی جعفری نکلتی ہیں، جو یہ شادی نہیں کرنا چاہتی، اور موقع کا فائدہ اٹھا کر عثمان خالد کے ساتھ بھاگ جاتی ہیں، جس کے بعد ان کے رومانوی سفر کا آغاز ہوتا ہے۔

اس فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر کہیں نہ کہیں فلم 'کراچی سے لاہور' کی بھی یاد آئی، فلم میں پاکستان کے خوبصورت علاقوں کو نہایت بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بالو ماہی' میں راحت فتح علی خان کی قوالی

امید ہے کہ 'نامعلوم افراد'، 'جوانی پھر نہیں آنی' اور 'ایکٹر ان لا' کی طرح فلم 'بالو ماہی' بھی پاکستان کی کامیاب فلم ثابت ہو۔

حیثم حسین کی ہدایات میں بننے والی فلم 'بالو ماہی' کی کہانی سعد اظہر نے تحریر کی، جسے 10 فروری 2017 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

Read Comments