Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2016 01:42pm

وفاق کو گورنر سندھ کے متبادل کی 'تلاش'

کراچی: وفاقی حکومت نے بیمار گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کے متبادل کی تلاش کا آغاز کردیا تاکہ آئندہ ماہ سے ان کے دفتر میں موجود خلاء کو پُر کیا جاسکے۔

ڈان کو حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق اس اقدام کی واضح وجہ موجودہ گورنر سندھ کی صحت ہے، اسلام آباد میں موجود اعلی حکام کے مطابق ان کی طبیعت میں خاص بہتری سامنے نہیں آرہی ہے۔

یاد رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی نے طویل عرصے تک گورنر کے عہدے پر فائض رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے جانے کے بعد گزشتہ ماہ نومبر 2016 کے دوسرے ہفتے میں سندھ کے گورنر کا دفتر سنبھالا تھا، تاہم وہ زیادہ عرصے گورنر ہاوس میں نہ رہ سکے اور سینے میں تکلیف اور بیماری کی وجہ سے علاج کے لیے ہسپتال منتقل ہونا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ 3 ہفتوں سے ہسپتال میں زیرِعلاج

ہسپتال سے فراغت کے بعد گورنر سعید الزماں صدیقی کو گورنر ہاوس جانے کی اجازت دے دی گئی، تاہم اب بھی وہ مسلسل میڈیکل ٹیم کی زیر نگرانی ہیں۔

حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کے عہدے کے لیے کسی ٹیکنوکریٹ یا سابق جج کی تلاش شروع کردی ہے۔


یہ خبر 27 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

Read Comments