Dawn News Television

شائع 02 فروری 2017 11:20am

بلوچستان: قطری امیر کے قافلے کے 16 افراد گرفتار

کوئٹہ: لیویز اہلکاروں نے قطری امیر کے قافلے میں شامل 16 افراد کو بلوچستان کے ضلع نوشکی کےعلاقے گالن گور میں ایک چیک پوسٹ کی رکاوٹیں توڑنے پر گرفتار کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق قطر کے حکمران کے قافلے میں شامل افراد کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ تلور کے شکار کے لیے بلوچسستان کے علاقے ماشکیل کی جانب جاتے ہوئے لیویز اہلکاروں کی جانب سے چیکنگ کے لیے اشارہ کرنے کے باوجود نہیں رکے اور انہوں نے چیک پوسٹ کی رکاوٹیں توڑ دیں۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے چیک پوسٹ کی رکاوٹیں توڑنے والی 4 گاڑیوں کا پیچھا کرکے ان میں سوار 16 افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار کیے گئے امیر قطر کے قافلے میں شامل افراد میں 3 بنگلہ دیشی اور 13 پاکستانی شہری ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدیدار کے مطابق 4 گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

خیال رہے کہ شکار کے لیے قطر کے حکمران کی آمد آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔


یہ خبر 2 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

Read Comments