10 سال سے یمن میں قید 7 پاکستانیوں کی واپسی
اسلام آباد: یمن میں 10سال سے قید 7 پاکستانی آج آزاد ہوکر وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ان پاکستانیوں کو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دفترخارجہ کی کوششوں سے رہائی ملی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی اور بلوچستان کے ان ماہی گیروں کو یمن حکام کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا اور یہ گذشتہ 10 سال سے وہاں کی جیلوں میں قید تھے۔
مزید پڑھیں:پاک بحریہ نے 182 محصورین یمن سے پاکستان پہنچادیئے
بیان کے مطابق ریڈ کراس اور دفترخارجہ کے نمائندے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان پاکستانیوں کا استقبال کریں گے۔
واضح رہے کہ مارچ 2015 سے یمن میں حوثی باغیوں کی حکومت مخالف مسلح کارروائیاں اور دیگر قبائل کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں جب کہ سعودی عرب نے ان باغیوں کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یمن میں جہاز پر میزائل حملہ، پاکستانی عملہ تاحال 'لاپتہ'
لڑائی شروع ہونے سے قبل تقریباً 3000 پاکستانی یمن کے مختلف علاقوں میں موجود تھے جن کے محفوظ انخلا کے لیے کوششوں کی گئیں اور پاک بحریہ نے یمن میں محصور ہوجانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے انتظامات کیے تھے۔