'غیر ملکیوں کی موجودگی میں مردم شماری نامنظور'
کوئٹہ بلوچستان قومی یکجہتی جرگے نےغیرملکیوں کو مردم شماری میں شامل نہ کرنے کامطالبہ کردیا۔
کوئٹہ ساراوان ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں شریک سیاسی و قبائلی عمائدین نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کے باعث بے گھر ہونے والے لوگوں کی مردم شماری میں شمولیت یقینی بنائی جائے۔
جرگے میں صوبے بلوچستان کے تین سابق وزرائے اعلیٰ سردار اختر جان مینگل، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور نواب غوث بخش کے علاوہ دیگر سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبے میں افغان مہاجرین کی موجودگی کے حوالے سے مقامی افراد کے تحفظات کو دور کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘مردم شماری کا پہلا مرحلہ مارچ میں ہوگا‘
جرگے کی صدارت نواب زادہ لشکری رئیسانی نے کی جس میں مردم شماری کے حوالے سے مقامی سیاسی طاقتوں کے تحفظات و خدشات پر بحث کی گئی۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واضح کیا کہ غیر ملکیوں کی موجودگی میں مردم شماری قبول نہیں کریں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل کا کہنا تھا کہ بلوچوں اور پشتونوں کے رشتے صدیوں پرانے اور کسی ایم پی اے سیٹ کے محتاج نہیں، غیر ملکیوں کی بہت مہمان نوازی کی لیکن ان کو جائیداد میں حصہ نہیں دے سکتے۔
جرگے نے صوبے میں صاف وشفاف مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے غیر ملکیوں کا مسکن رہا ہے لہٰذا انہیں مردم شماری میں کسی صورت شامل نہ کیا جائے۔
لشکری رئیسانی نے کہا کہ 'ہم چاہتے ہیں کہ صوبے میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں کی جلد بحالی نو کی جائے اور انہیں بھی مردم شماری میں شامل کیا جائے'۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 19 سال بعد مردم شماری کا انعقاد کیا جارہا ہے اور اس کے لیے 15 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں مردم شماری کا شیڈول جاری
حکومت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک کے 147 میں سے 62 اضلاع میں پہلے اور 85 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔
شیڈول کے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے 8 اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 21 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔
پنجاب کے لاہور، جھنگ، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت 15 اضلاع میں پہلے جبکہ باقی 19 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے پشاور سمیت 13 اضلاع میں پہلے جبکہ 11 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 15 اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 17 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔
آزاد جموں و کشمیر میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع میں مردم شماوری ہوگی۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔
مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 مارچ کو شروع ہو کر 15 اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے شروع ہوکر25 مئی کو ختم ہوگا۔
مردم شماری کے ابتدائی نتائج مردم شماری مکمل ہونے کے دو ماہ بعد تک تیار کر لیے جائیں گے۔