Dawn News Television

شائع 26 فروری 2017 09:18pm

شاہد آفریدی بہترین کھیل سے کس کو خوش کرتے ہیں؟

شاہد آفریدی نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد کہا کہ وہ اپنے مداحوں اور اپنی اہلیہ کو خوش کرنے کے لیے کارکردگی دکھاتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کے ایک اہم میچ میں پشاورزلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح دلائی تو کرکٹ کے شائقین نے انھیں داد دی اور ان کی اہلیہ نے فخر کا اظہار کیا۔

پشاورزلمی کی اس فتح کے بعد شاہد آفریدی کا اپنی اہلیہ سے ٹوئیٹر پر ایک مختصر مکالمہ ہوا۔

شاہدآفریدی کی اہلیہ نادیہ شاہد نےٹوئیٹر پر اپنے شوہر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'انھیں اپنے شوہر پر فخر ہے'۔

شاہدآفریدی نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'انھیں بھی اپنی اہلیہ پر فخر ہے'۔

آفریدی نے مزید کہا کہ 'ہمیشہ دو اننگز کھیلتا ہوں، ایک اپنے مداحوں کو خوش کرنے کے لیے اور دوسری آپ کو خوش کرنے کے لیے'۔

پی ایس ایل میں پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوزیشن واضح ہوچکی ہے جبکہ حالیہ فتح کے ساتھ پشاورزلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی نے کوئٹہ سے پہلی پوزیشن چھین لی

دوسری جانب شاہدآفریدی نے دبئی میں آرام کے دنوں میں سماجی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے ایک زیرتعمیر منصوبے کا دورہ کیا اور وہاں پر پاکستانی مزدروں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

شاہد آفریدی کو اپنے درمیان پا کر مزدور بہت خوش نظر آئے جبکہ آفریدی نے مزدورں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد 28 فروری سے پی ایس ایل کے پلے آف میچ شروع ہوں گے اور فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

Read Comments