Dawn News Television

شائع 01 مارچ 2017 10:09am

کریڈٹ کارڈ کے سائز کا انوکھا موبائل

کیا آپ بڑی اسکرین والے اسمارٹ فون کی جگہ کریڈٹ کارڈ کے سائز کا موبائل استعمال کرنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو ٹاکیز ٹی تھری نامی یہ موبائل فون آپ کو ضرور پسند آئے گا جو دیکھنے میں کسی کیلکولیٹر جیسا لگتا ہے۔

بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران یہ موبائل فون متعارف کرایا گیا جو اپنی نوعیت کی منفرد ڈیوائس ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ موجودہ دور میں بڑے، ہائی ریزولوشن والے اسمارٹ فونز کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے، مگر ٹاکیز ٹی تھری ایک ڈمب یا پرانے طرز کا فون ہے جس میں 0.96 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔

اس کے بٹن بھی کسی بھی موبائل فون سے مختلف ہیں اور بظاہر تو کسی کو یقین نہیں آتا کہ یہ موبائل فون ہے۔

اس میں فیچرز نہ ہونے کے برابر ہیں یہاں تک کہ اسکرین بھی کلر نہیں تاہم ایک چارج پر اس کی بیٹری 72 گھنٹے ضرور چل سکتی ہے۔

اور ہاں اس میں تھری جی کنکشن اور وائی فائی بھی موجود ہے مگر انٹرنیٹ کی اسپیڈ اتنی کم ہوتی ہے کہ معلوم ہوتا ہے انٹرنیٹ اس پر استعمال نہیں ہوسکتا۔

اگر آپ کو اسمارٹ فونز زیادہ پسند نہیں اور محض کال کرنے کے لیے ہی موبائل استعمال کرنا چاہتے ہیں تو یہ فون محض 33 ڈالرز یا ساڑھے تین ہزار پاکستانی روپے میں برا نہیں۔

Read Comments