پاکستان

کوئٹہ کی گلیاں سنسان، عوام کا سیلاب بگٹی اسٹیڈیم میں اُمڈ آیا

پشاور کے حیات آباد کمپلیکس میں بھی شائقین کرکٹ کے لیے بڑی اسکرین پر میچ دکھانے کے انتظامات کیے گئے۔
|

پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے دوران کوئٹہ کی گلیاں سنسان ہوگئیں اور عوام کا سیلاب اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرنے کے لیے بگٹی اسٹیڈیم میں امڈ آیا۔

بلوچستان حکومت نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل میچ کی لائیو اسٹریمنگ کا انتظام بگٹی اسٹیڈٰیم کوئٹہ اور اسپیشل ہائی اسکول گراؤنڈ میں کیا۔

بلوچستان حکومت کے اس اقدام کا مقصد کوئٹہ کے لوگوں کو سستی تفریح فراہم کرنا اور متحد ہوکر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

بگٹی اسٹیڈٰیم کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظام کیے گئے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا۔

پشاور میں بھی بڑی اسکرینز کا اہتمام

پی ایس ایل کے فائنل میں پشاور زلمی کی ٹیم بھی پہنچی ہے لہٰذا پشاور کے عوام کا جوش و خروش بھی عروج پر دکھائی دیا۔

پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بڑی اسکرین پر بڑے بڑے چھکے چوکوں کا خوب مزہ لیا۔

پشاور صدر روڈ پر بھی شہری بڑی اسکرین پر میچ کے ساتھ ساتھ بھنگڑے ڈال کر ہر بال پر اپنی فیورٹ ٹیم کو سپورٹ کرتے رہے۔

کراچی میں بھی جوش و خروش

کراچی کنگز فائنل میں تو نہ پہنچ سکی تاہم کراچی کے شہریوں نے بھی پی ایس ایل فائنل کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے اہتمام کیا۔

کراچی میں آرٹس کونسل اور مختلف مقامات پر بھی بڑی اسکرین پر پی ایس ایل کا فائنل میچ دیکھنے کا اہتمام کیا جہاں عوام کی بڑی تعداد میچ سے لطف اندوز ہوئی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوئے تاہم فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تمام تر خدشات کے باوجود سخت سیکیورٹی میں پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔