پاکستان

بھارتی فائرنگ سے 60 سالہ پاکستانی خاتون کی ہلاکت پر احتجاج

ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے انھیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہندوستانی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 60 سالہ خاتون کی ہلاکت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا اور بھارت پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں روکنے پر زور دیا گیا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہندوستانی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے کوٹ کہتیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاؤں ٹھنڈی کسّی کی رہائشی 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے 60 سالہ خاتون جاں بحق

بھارتی ڈپٹی پائی کمشنر سے گذشتہ روز نکیال سیکٹر کے گاؤں بالاکوٹ میں بھی فائرنگ کے نتیجے میں 9 اور 14 سال کی عمر کے 2 بچوں کے زخمی ہونے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

پاک-بھارت کشیدگی

یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں گذشتہ برس ستمبر میں ہونے والے اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔

رواں برس بھی ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر خلاف ورزیوں کا یہ سلسلہ رک نہ سکا۔

12 مارچ کو بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں گاوَں چفہ کا رہائشی 60 سالہ بزرگ اور ایک 15 سالہ لڑکی زخمی ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 بچے زخمی : دفتر خارجہ

9 مارچ کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون زخمی ہوئیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔

14 فروری کو بھی لائن آف کنٹرول پر تھوب سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔