Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2017 07:48pm

پنجاب اسمبلی کے ارکان یوم پاکستان سے بے خبر

آج ملک بھر میں 77 ویں یوم پاکستان منایا جارہا ہے، جس کو برصغیر کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن قرار دیا جاتا ہے۔

یوم پاکستان کیوں منایا جاتا تھا، یہ تو اسکولوں سے ہی بچوں کو سکھایا جارہا ہوگا، کیونکہ اس دن کی مناسبت سے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے بھی کئی تقاریب منعقد کی جاتی رہی ہیں۔

لیکن کیا پاکستان کی سیاست کے اہم ترین افراد جو ملک کی صوبائی اسمبلی کا حصہ ہیں، جانتے ہیں کہ اس دن کو آخر کیوں منایا جاتا ہے؟ اگر آپ کو ایسا لگ رہا ہے کہ جواب ہاں ہوگا تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ صوبائی اسمبلی کے ارکان جو خود کو اس اسمبلی میں بیٹھنے کے لائق سمجھتے ہیں یہ نہیں جانتے کہ 23 مارچ کو ملک میں یوم پاکستان منایا ہی کیوں جارہا ہے۔

جب ان ارکان سے یوم پاکستان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے ایسے ایسے جوابات دیے، جسے سُن کر ہم سب کو اپنی مطالعہ پاکستان کی کتابیں دوبارہ کھول لینی چاہیے:

یوم پاکستان کیوں منایا جاتا ہے؟

شہزاد منشی — مسلم لیگ (ن)

'دیکھیں جی ریزولوشن آف پاکستان۔۔۔ قرارداد پاکستان۔۔۔ اس میں منظوری، 23 مارچ 19 ۔۔۔۔ یہ والی جو۔۔۔۔۔اور یہ بہت بڑی قرار داد تھی'۔

اس کے علاوہ کوئی جواب نہ تھا جس سے کچھ سمجھ آ سکے کہ شہزاد منشی بتانا کیا چاہ رہے ہیں۔

شعیب صدیقی — تحریک انصاف

'مجھے صحیح تو یہ یاد نہیں ہے، میرا خیال ہے سر سید احمد خان نے یا جس نے پیش کی تھی'.

اب کس نے یہ قرار دادا پیش کی تھی یہ بھی اسمبلی ارکان کے لیے مشکل تھا۔

23 مارچ 1940 کو منٹو پارک لاہور میں مولوی فضل الحق نے یہ قرار داد پیش کی تھی۔

کنول نعمان—مسلم لیگ(ن)

'بھئی آپ بڑا پھنساتے ہیں، 23 مارچ کو قرارداد پیش ہوئی تھی، اور رحمت، چوہدری رحمت علی نے پیش کی تھی قرارداد اور سال تھا 1946'۔

کنول نعمان کو بھی یہ بتانا پڑا یہ قرار داد قیام پاکستان سے 7 سال قبل 1940 میں پیش ہوئی تھی۔

سعدیہ سہیل رعنا—تحریک انصاف

'23 مارچ 1940، ایک منٹ روکیں'۔

پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی نے جواب تو درست دیا لیکن وہ اپنے جواب سے مطمئن نہیں تھیں کہ وہ ٹھیک ہی بتا رہی ہیں۔

فرزانہ بٹ— مسلم لیگ (ن)

'میرا خیال ہے قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ پیش کی تھی، جس کا نام مجھے بھول گیا ہے، 1943 میں شاید یا 1942 میں پیش کی تھی، غلط بتا رہی ہوں؟ مت کرو '۔

مسلم لیگ کی خاتون رکن بھی تاریخ سے لاعلم تھیں۔


اب ہم انہیں بتاتے چلیں کہ آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

Read Comments