Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2017 09:37pm

بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان سے انکار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب سے منظوری نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت مسترد کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو مختصر سیریز کیلئے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی اور پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد دورے کے روشن امکانات نظر آتے تھے لیکن بنگلہ دیشی حکومت نے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بنگلہ دیش کو رواں سال دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ٹیم گزشتہ سالوں میں دو مرتبہ بنگلہ دیش کا دورہ کرچکی ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کے بعد پی سی بی بھی رواں سال جولائی میں پاکستان ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے حوالے سے سوچ بچار کرے گا۔

شہریار نے کہا کہ بنگلہ دیش کے انکار کے بعد اب ہم بھی رواں سال پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بنگلہ دیش کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

پی سی بی کے معتبر ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے انکار کے بعد پی سی بی کی جانب سے پاکستان ٹیم کے شیڈول دورہ بنگلہ دیش کے معاملے پر منافع میں شئیر پر بات چیت متوقع ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دو مواقعوں پر ٹیم پاکستان کے دورے پر بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن پھر سیکیورٹی کو جواز بنا کر دورے سے انکار کردیا تھا۔

Read Comments