Dawn News Television

شائع 28 مارچ 2017 05:51pm

فیس بک کا اسنیپ چیٹ پر براہ راست حملہ

دو دہائیوں قبل مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی سوچ یہ تھی کہ اگر کسی کو شکست یا اپنے ساتھ نہ ملا سکو تو اسے کچل دو اور اب فیس بک ایسا ہی کچھ نوجوانوں میں مقبول ایپ اسنیپ چیٹ کے ساتھ کرنے جارہی ہے۔

گزشتہ برس سے اپنی مختلف ایپس میں اسنیپ چیٹ اسٹوریز کی نقل کو تشکیل دینے کے بعد اب فیس بک نے نئی حکمت عملی اپنائی ہے جو کہ ممکنہ طور پر کامیاب بھی ثابت ہوگی۔

کئی ماہ کی آزمائش کے بعد فیس بک نے آخرکار اسنیپ چیٹ کی نقل کو اپنی مرکزی ایپ کے فرنٹ پر پیش کردیا ہے جس میں نہ صرف اس سماجی رابطے کی سائٹ کے نئے کیمرہ فیچر کو رکھا گیا ہے بلکہ دوستوں کی اسٹوریز کو بھی انسٹاگرام کی طرح ایپ کے اوپر سجا دیا ہے۔

اور یہ ہے فیس بک اسٹوریز جو کہ آپ کے نیوز فیڈ کے اوپر نظر آئیں گی۔

یہ اپ ڈیٹ اب لگ بھگ دنیا بھر میں صارفین تک پہنچ چکی ہے جو تین فیچرز پر مشتمل ہے، اسنیپ چیٹ جیسا نیا فیس بک کیمرہ، اسٹوریز اور ڈائریکٹ۔

فیس بک کا نیا کیمرہ ایپ کے اوپر بائیں کونے میں موجود ہے جس سے آپ تصاویر اور ویڈیوز کو فلٹر، ماسکس اور دیگر اینیمیٹڈ ایفیکٹس سے سجا سکتے ہیں۔

ایسا کرنے کے بعد آپ انہیں اپنی اسٹوری میں ایڈ کرکے نیوز فیڈ یا پرائیویٹ میسج (ڈائریکٹ کے ذریعے) شیئر کرسکتے ہیں۔

ڈائریکٹ کے ذریعے شیئر کی جانب والی تصاویر اور ویڈیوز دیکھے جانے کے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجائے گی تاہم ایک بار انہیں ری پلے کیا جاسکے گا۔

تاہم اس اپ ڈیٹ کی سب سے خاص بات اسے انسٹاگرام کی طرح نیوز فیڈ کے ٹاپ پر نمایاں کرکے لگانا ہے اور یہ انسٹاگرام کی طرح ہی کام کرتی ہیں مگر صارفین طے کرسکتے ہیں کہ کون لوگ ان اسٹوریز کو دیکھ سکتے ہیں۔

اور ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ فیس بک ان اسٹوریز کو فی الحال اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کررہی جبکہ وہ نئی فلموں کے تھیمز پر نئے ماسکس بنانے کی تیاری بھی کررہی ہے۔

اور یہ سب بالکل اسنیپ چیٹ جیسا ہے اور ایک بار پھر فیس بک نے اپنی مخالف ایپ کے اہم ترین فیچر کی ہو بہو نقل تیار کرکے اپنی سروس پر لگائی ہے۔

اور انسٹاگرام اسٹوریز کی کامیابی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے فیس بک میں بھی یہ فیچر کافی کامیاب ہونے والا ہے کیونکہ اس کے موبائل صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے۔

اسے فیس بک کی حالیہ مہینوں کے دوران کی جانب سے سب سے بڑی تبدیلی قرار دیا جارہا ہے۔

Read Comments