☰
عبدالستار ایدھی کی یاد میں خصوصی سکے جاری
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خدمت انسانیت کے علمبردار مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔
اس سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے خصوصی سکے عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کو پیش کیے۔
یاد رہے کہ عبدالستار ایدھی وہ واحد سماجی کارکن ہیں جن کے نام پر یادگاری سکے جاری کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں اب تک یہ اعزاز صرف پانچ شخصیات کو حاصل ہے جن میں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بے نظیر بھٹو اور اب عبدالستار ایدھی بھی شامل ہیں۔
اس سکے کا کل وزن 13.5 گرام ہے جبکہ یہ 75 فیصد تانبہ اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے۔