خون کی ضرورت پوری کرنے والی موبائل ایپ
اسلام آباد: اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں خون کا عطیہ کرنے والے بے شمار افراد موجود ہیں، اور اس حوالے سے نہ صرف بلڈ بینکس کارنامے سر انجام دے رہیں ہیں بلکہ کچھ سماجی تنظیمیں بھی اس حوالے سے خدمات پیش کر رہی ہیں۔
مگر پھر بھی اکثر و بیشتر خون کے ضرورت مند افراد کو وقت پر خون دستیاب نہیں ہوپاتا، جس وجہ سے کئی مریضوں کے اہل خانہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر اب اس حوالے سے ضرورت مند افراد کی تیز ترین مدد کے لیے نوجوان طلبہ نے موبائل ایپلی کیشن تیار کرلی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے نوجوانوں کی جانب سے ’ریڈ ڈراپ‘ نامی تیار کرہ موبائل ایپ نہ صرف ضرورت مند افراد کو خون عطیہ کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے، بلکہ اس موبائل ایپ میں ان افراد کا ڈیٹا بھی جمع ہوتا رہتا ہے، جو خون کا عطیہ دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ایپ بنانے والے طلبہ کے مطابق ایپلی کیشن کے ذریعے ضرورت مند افراد کو ان کے شہر کے ان افراد سے رابطہ کروایا جاتا ہے، جو خون کا عطیہ دینے کی پیش کش کر چکے ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آپ مجھے زندگی دیں گے؟
موبائل ایپلی کیشن کو استعمال کرتے وقت صارف کو اس میں رجسٹریشن کے بہت ہی مختصر عمل سے گزرنا پڑتا ہے، خون کا عطیہ دینے والے شخص کو اپنی مکمل معلومات اور بلڈ گروپ سمیت سوشل میڈیا روابط سمیت اپنا موبائل فون نمبر بھی دینا پڑتا ہے۔
ضروت مند شخص کو بھی اسی طرح مطلوب خون کے گروپ سمیت مطلوب خون کی مقدار کی تفصیل اور اپنے روابط نمبرز اور ایڈریسز فراہم کرنا پڑتے ہیں۔
رجسٹریشن کے بعد ضرورت مند افراد کو ان کے ہی شہر کے ان افراد کے روابط نمبرز بھیجے جاتے ہیں جو خون کا عطیہ دینے کی پیش کش کر چکے ہوتے ہیں، اسی طرح رضاکارانہ خون دینے والے افراد کو بھی ضرورت مند افراد کی معلومات بھیج دی جاتی ہے۔
ریڈ ڈراپ ایپلی کیشن بنانے والے طلبہ عاطف نعمان، عمران اور آصف کے مطابق اس وقت ایپلی کیشن پر کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدرآباد اور سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں سے 2 ہزار رضاکار خون عطیہ کرنے کی پیش کش کر چکے ہیں، جب کہ فی الحال ایپ سے یومیہ 2 افراد استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔
ایپ تیار کرنے والے طلبہ نے بتایا کہ فنڈز کی قلت کے باعث انہیں وسیع بنیادوں پر کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے، مگر وہ اس موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے بلڈ بینکس، میڈیکل اسٹورز، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے محکمہ بلڈ ٹرانسفیوژن نے ریڈ ڈراپ کے ساتھ مل کر خون کے ضرورت مند افراد کی مدد کے پروگرام کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس موبائل کو استعمال کرنا اور اس سے فائدہ حاصل کرنا نہایت ہی آسان ہے، ریڈ ڈراپ ایپلی کیشن گوگل اسٹور سے بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے، جب کہ ایپ کے حوالے ریڈ ڈراپ کے فیس بک پیج سے بھی مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔