پاکستان

چینی صدر کے کتاب کی پاکستان میں رونمائی

وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب کے اردو ورژن کی رونمائی کی۔

اسلام آباد: چین کے صدر شی جن پنگ کی کتاب 'دی گورننس آف چائنا' کے اردو ورژن کی تقریب رونمائی وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 516 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں چینی صدر شی جنگ پنگ کی 79 تقاریر، انٹرویوز اور دیگر بیانات شامل ہیں جبکہ اس میں 45 سوانحی تصویریں بھی موجود ہیں۔

کتاب میں چین کی اقتصادی ترقی، ماحولیات اور انسداد کرپشن مہم کے حوالے سے مضامین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی تبدیلی میں معاون ہوگی'

تقریب میں چینی سفیر سن وائی ڈونگ بھی موجود تھے جنہوں نے کہا کہ یہ کتاب چین کی گورننس اور ملک کی تاریخی کامیابیوں کے حوالے سے شی جن پنگ کا منشور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ کتاب شی جن پنگ کے وژن کی آئینہ دار ہے'۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 'پاکستان اور چین خصوصی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، ہم پاکستان کے لیے صدر شی جن پنگ کی محبت کو سراہتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: پاک-چین تعلقات کسی کے لیے خطرہ نہیں: اعزاز چوہدری

انہوں نے کہا کہ 'ہم ایک خطہ ایک سڑک وژن کی حمایت کرتے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ چین کے ساتھ مل کر ہم اس کے فلیگ شپ میگا پروجیکٹ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کررہے ہیں'۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک اجتماعیت کی علامت ہے، اس سے کسی کو خطرہ نہیں اور یہ سب کو فائدہ پہنچائے گا جبکہ سب سے زیادہ فائدہ عام آدمی کو ہوگا کیوں کہ اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔