پی آئی اے کے سابق سی ای او بیرون ملک روانہ
اسلام آباد : پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز (پی آئی اے) کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) برنڈ ہلڈن برانڈ بیرون ملک روانگی کی اجازت ملنے کے بعد ترکی کے شہر استنبول روانہ ہوگئے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ایک مرتبہ سفر کرنے کی اجازت ملنے کے بعد بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں تاہم ان کی واپسی کا علم نہیں ہے۔
وہ اس وقت چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
مزیدپڑھیں: پی آئی اے کے سی ای او کو باہر جانے سے روک دیا گیا
وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات میں برنڈ ہلڈن برانڈ کو روانگی کی تاریخ سے 30 روز تک آبائی وطن میں رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اجازت ملتے ہی برنڈ ہلڈن برانڈ ترکی کی ائیرلائن سے استنبول روانہ ہوئے، جس کے بعد ممکنہ طور پر وہ فرینکفرٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ برنڈ ہلڈن برانڈ کا نام ایئرلائن کے طیارے کی مبینہ فروخت کے حوالے سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا.
قومی ایئرلائن کا ایک طیارے کی جرمن میوزیم کو مبینہ طور پر فروخت کیا گیا تھا ، جس کی تحقیقات کے دوران برنڈ ہلڈن برانڈ کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا تھا.
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے بمقابلہ خلیجی ایئرلائنز، 'حکومت کو میدان میں آنا ہوگا'
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات شروع کی تو ایئر لائن انتظامیہ نے انہیں جبری رخصت پر بھیج دیا تھا۔
جبری رخصت کے دوران ہلڈن کی جانب سے ایک بار آبائی وطن جانے کی درخواست دی گئی تھی، ذرائع کے مطابق ہلڈن کو رخصت پوری ہونے پر پی آئی اے ہیڈ آفس آنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ برنڈ ہلڈن برانڈ کو قومی ایئر لائن کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا،ان کی جگہ نیئرحیات کو قائم مقام سی ای او کی ذمہ داری دی گئی۔