Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 مئ 2017 09:26pm

نوکیا کے ڈوئل کیمرہ فون کی ویڈیو سامنے آگئی

بہت جلد نوکیا کا کم از کم ایک اور نیا اسمارٹ فون آپ کے ہاتھوں میں ہوگا اور ہم نوکیا تھری، فائیو، سکس اور 3310 ماڈلز کی بات نہیں کررہے جنھیں فروری میں متعارف کرایا گیا تھا۔

ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں نوکیا کے کئی اسمارٹ فونز کو پیش کیا گیا ہے جن میں ڈوئل کیمرے والے فونز بھی ہیں۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ دونوں فونز نوکیا کے فلیگ شپ فونز ایٹ اور نائن ہوسکتے ہیں۔

یہ ویڈیو مختلف کمپنیوں کے اسمارٹ فون کے لیکس سامنے لانے والے ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے اپنے ٹوئیٹ میں پوسٹ کی۔

ان کے مطابق ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس ویڈیو میں چار اسمارٹ فونز کو دکھایا گیا ہے جن میں ڈوئل کیمرے والے بھی ہیں۔

نوکیا نے رواں سال اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے ذریعے کئی سال بعد مارکیٹ میں واپسی کی ہے جس کے لیے اس نے ایچ ایم ڈی گلوبل نامی کمپنی کو فونز کی فروخت کا لائسنس دیا ہے۔

مزید پڑھیں : نوکیا کے 3 اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز متعارف

کچھ عرصے قبل بھی نوکیا نائن کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں جن کے مطابق یہ فون فیچرز کے لحاظ سے گلیکسی ایس ایٹ سے بہتر جبکہ اس کا ڈیزائن بھی خوبصورت ہوگا۔

نوکیا ایٹ اور نائن کے خاکے بھی منظرعام پر آئے جن میں ان کے فیچرز اور قیمت کے بارے میں بتایا گیا تھا۔

فوٹو بشکریہ نوکیا پاور یوزرز

نوکیا نائن بیزل لیس اسکرین والا فون ہوسکتا ہے جس میں ہوم بٹن کو ختم کردیا جائے گا جبکہ فنگر پرنٹ سنسر بیک پر چلا جائے گا۔

فون میں ڈوئل کیمرہ بھی موجود ہوگا جہاں فنگر پرنٹ کے ساتھ اس کا ڈیزائن گلیکسی ایس ایٹ سے بہتر لگتا ہے۔

یہ پڑھیں : نوکیا کا فلیگ شپ فون کیسا ہوگا؟

یہ 5.5 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے والا فون ہوگا جس میں اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، سکس جی بی ریم، 128 جی بی اسٹوریج وغیرہ موجود ہوں گے۔

اس کے ڈوئل لینس کیمرے بائیس میگا پکسل کے ہوں گے جبکہ فرنٹ کیمرہ 12 میگا پکسل ہوگا، اسی طرح 3800 ایم اے ایچ کی بیٹری ہوگی جس میں کوئیک چارج 4.0 کی صلاحیت ہوگی۔

اینڈرائیڈ نوگیٹ کے ساتھ یہ فون واٹر پروف بھی ہوسکتا ہے۔

یہ فون ممکنہ طور پر رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران سامنے آسکتا ہے اور اس کی قیمت 699 ڈالرز ہونے کا امکان ہے۔

نوکیا ایٹ ممکنہ طور پر نوکیا نائن کا سستا ورڑن ہوگا جس میں ہوم بٹن موجود ہوگا تاہم اس میں بھی ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا جائے گا۔

Read Comments