سائنس و ٹیکنالوجی

بجلی کے بل میں 70 فیصد کمی لانا چاہتے ہیں؟

اب ایسے سولر پینلز بلائنڈ دستیاب ہیں جسے کسی بھی کھڑکی میں لگا کر آپ 30 ایل ای ڈی لائٹ بلب روشن کرسکتے ہیں۔

کیا آپ بجلی کے بڑھتے ہوئے بل سے پریشان ہیں؟ اگر ہاں تو آپ کے لیے ایسے سولر پینلز بلائنڈ دستیاب ہیں جسے کسی بھی کھڑکی میں لگا کر آپ 30 ایل ای ڈی لائٹ بلب روشن کرسکتے ہیں۔

سولر گیپس نامی ان بلائنڈز کو تیار کرنے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اس طرح کی دنیا کی پہلی ڈیوائس ہے اور یہ ایک گھر کے بجلی کے بل میں 70 فیصد تک کمی لاسکتی ہے۔

بجلی کے بل میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ آپ بہت آسانی سے اپنے گھر کو لوڈ شیڈنگ سے بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں اور یہ ڈیوائس ماحول دوست بھی ہے۔

یہ سولر پینلز بلائنڈ خودکار طور پر دن بھر سورج کی روشنی کی ٹریکنگ کرتے ہیں اور اپنی پوزیشن خود ایڈجسٹ کرکے بجلی پیدا کرتے ہیں۔

اسے یوکرائن سے تعلق رکھنے والی کمپنی نے تیار کیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ یہ گھر کی کھڑکیوں کو توانائی کے حصول کی غرض سے استعمال کرنے کے لیے تیار کی جانے والی ڈیوائس ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ 10 اسکوائر فٹ چوڑی کھڑکی میں اسے لگا کر 100 سے 150 واٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے جو کہ 30 ایل ای ڈی بلب روشن کرنے کے لیے کافی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ بلائنڈز گھر کو سایہ فراہم کرکے ایئرکنڈیشنر کے خرچے میں بھی 40 فیصد تک کمی لاتے ہیں۔

کمپنی نے اس کی کمرشل فروخت کے لیے فنڈز اکھٹی کرنے والی سائٹ 'کک اسٹارٹر' پر مہم شروع کی ہے جس پر 50 ہزار ڈالرز کا ہدف رکھا گیا ہے۔

کک اسٹارٹر پر یہ پینل مختلف حجم میں 390 سے 1910 ڈالرز میں خریدے جاسکتے ہیں جو کہ ریٹیل قیمت سے پچاس فیصد کم ہوں گے۔

یہ ڈیوائس ابھی آرڈر بک کرانے والوں کو ستمبر میں دستیاب ہوگی۔