صارف کا ڈیٹا فروخت کرنے والی ایپ اور ویب سائٹس
یہ ایک عام تاثر ہے کہ انٹرنیٹ قدرے غیر محفوظ پلیٹ فارم ہے اور یہ خیال کسی حد تک درست بھی ہے، مگر ساتھ ہی انٹرنیٹ کے پلیٹ فارم کو غیر محفوظ بنانے کی ہم خود ہی اجازت دیتے ہیں۔
لاکھوں انٹرنیٹ صارفین سوچے سمجھے بغیر اپنی معلومات کہیں بھی شیئر کردیتے ہیں یا خود ویب سائٹس یا ایپلی کیشن کو اپنی معلومات تک رسائی دیتے ہیں۔
مگر کئی ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز ایسی بھی ہیں، جو صارفین کی معلومات فروخت کرکے اپنی کمائی میں اضافہ کرتی ہیں۔
امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق ’انرول ڈاٹ می‘ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے سیکڑوں صارفین کی غیر ضروری یا دیگر معلومات مختلف اداروں کو فروخت کیں۔
یہ بھی پڑھیں: وہ سب کچھ جو گوگل آپ کے بارے میں جانتا ہے
کمپنی نے یہ اعتراف اُس وقت کیا جب اس سے متعلق خبریں آئیں کہ انرول ڈاٹ می نے صارفین کی معلومات فروخت کیں۔
انرول ڈاٹ می کے اعتراف کے بعد ویب سائٹ اور ایپلی کیشن کی پالیسی اور ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین اور اداروں نے پانچ ایسی ویب سائٹ اور ایپلی کیشنز کی نشاندہی کی، جو بڑی سطح پر صارفین کی معلومات حاصل کرتی ہیں اور ان سے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ یہ معلومات فروخت کرتی ہیں۔
ٹنڈر
یہ ویب سائٹ اور ایپلی کیشن صارف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس خاص طور پرفیس بک سے منسلک ہوتی ہے اور وہاں سے بڑی سطح پر معلومات حاصل کرتی ہے، ممکنہ طور پر ٹنڈر بھی صارفین کی معلومات کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہوگی۔
اسپوٹی فائی
اس ویب سائٹ سے متعلق ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بھی لوگوں کی اہم اور ضروری معلومات ایڈورٹائزنگ ایجنسیز سمیت دیگر کاروباری کمپنیوں کو فروخت کرتی ہوگی۔
مزید پڑھیں: پرتشدد ویڈیوز کیلئے فیس بک کی پالیسی کیا؟
گو کہ ماہرین کے پاس ثبوت نہیں ہیں، مگر انہوں نے ان ویب سائٹس کی پالیسی اور کام کرنے کے انداز کی مانیٹرنگ کے بعد یہ اندازہ لگایا ہے۔
غرب حب
یہ خود ایک ڈلیوری کمپنی ہے، مگر آن لائن کمپنی ہونے کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بڑی سطح پر لوگوں کی معلومات فروخت کرتی ہوگی۔
یہ کمپنی امریکا میں کھانوں کی ڈیلیوری کرتی ہے، اس کمپنی سے وہی لوگ متاثر ہوں گے جو امریکا میں مقیم ہوں گے۔
پنڈورا
یہ انٹرٹینمنٹ میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ہے، جس کے دنیا بھر میں کروڑوں صارف موجود ہیں، ممکنہ طور پر یہ ویب سائٹ بھی اپنے صارفین کے ڈیٹا کو کاروباری مقاصد کے لیے فروخت کرتی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک انتظامیہ ہر پوسٹ کو کتنے وقت تک دیکھتی ہے؟
لیفٹ
یہ بھی امریکا کی آن لائن ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ہے، جو کروڑوں صارفین کی معلومات رکھتی ہے، ممکنہ طور پر یہ بھی دوسری کمپنیوں کے ساتھ صارفین کا ڈیٹا شیئر کرنے میں ملوث ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز صارفین کا ڈیٹا یا معلومات ایسی کمپنیوں یا ویب سائٹس کے ساتھ شیئر کرتی یا فروخت کرتی ہوں گی، جو کوئی نیا منصوبہ شروع کرنے جا رہی ہوں گی۔