پاکستان

مرادعلی شاہ کا قیمتوں کے مصنوعی اضافے پراظہاربرہمی

وزیراعلیٰ سندھ نے صدر اور برنس روڑ کا اچانک دورہ کیا اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے وہ کراچی میں قیمتوں کے مصنوعی اضافے کو برداشت نہیں کریں گے اور اس سلسلے میں انھوں نے ضلعی انتظامیہ کو زیادہ موثر کام کرنے کی ہدایت کردی۔

مرادعلی شاہ نے صدر اور برنس روڑ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، وزیربلدیات جام خان شورو، پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، کمشنر کراچی اعجاز علی خان اور ڈپٹی کمشنر جنوبی بھی ان کے ہمرا تھے۔

وزیراعلیٰ نے برنس روڑ پر مختلف بیکریوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں سے 250 روپے فی کلو کے حساب سے دہی بڑے بھی خریدے اور اس موقع پر دکانداروں کی جانب سے حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ریٹ لسٹ بھی دکھائی گئی جبکہ انھوں نے دکانداروں کو صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔

انھوں نے مختلف دکانوں اور فروٹ بیچنے والوں کے اسٹالز کا بھی دورہ کیا اس دوران وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کوحکم دیا وہ ڈی ایم سی کو شہر میں صفائی کے لیے سخت ہدایات دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ناقابل قبول ہے کہ جب تک متعلقہ ادارے پر زور نہیں دیا جائے جب تک گلیاں، سڑکیں اور گٹرز صاف نہیں ہوتے’، انھوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے تین روز میں دوبارہ دورہ کریں گے جب تک معاملات میں بہتری نظر آئی۔

وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ شہر کے ہر دکاندار، فروٹ اسٹالز اور ریڑھی پر ریٹ لسٹ آویزاں ہونی چاہیے دوسری صورت میں متعلقہ محکمے کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

عوام نے وزیراعلیٰ کو کراچی کی گلیوں میں خوش آمدید کہا اور سیلفیاں بنوائیں جبکہ وزیراعلیٰ نے دکانداروں سمیت لوگوں کے مسائل پر بحث بھی کی۔

صدر میں جاری ترقیاتی کاموں سے عوام کی دشواریوں کا احساس کرتے ہوئے انھوں نے کمشنر کراچی کو تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ایک اہم علاقہ ہے اس لیے اس کا انتظام بہتر رکھنا ضروری ہے’۔

مراد علی شاہ نے صدر کے دکانداروں سے شکوہ کیا کہ وہ کچرا سڑک پر پھینک دیتے ہیں جبکہ متعلقہ محکمے نے ان کے دکانوں کے باہر کچرا دان رکھ لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ ہماری مجموعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے شہر کو صاف ستھرارکھیں’۔