Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 جون 2017 09:02am

انیل کپور اور ایشوریا رائے 17 سال بعد ایک ساتھ نظر آئیں گے

حال ہی میں کانز ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیرنے والی بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن 17 سال بعد ایک بار پھر انیل کپور کے ساتھ فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

دونوں اداکار راکیش اوم پرکاش مہرا کی آنے والی فلم ’فنے خان‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

اس سے قبل دونوں اداکار آخری بار فلم ’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘ میں نظر آئے تھے، جو 2000 میں ریلیز ہوئی تھی۔

ہم دل دے چکے صنم سے پہلے 1999 میں دونوں نے ’تال‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں دونوں کی جوڑی کو سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا رائے کے بدلتے روپ
اداکارہ نے حال ہی میں کانز ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے—فوٹو: ایشوریا رائے فیس بک

’دل یہ بے چین وے‘ اور ’آپ کا دل ہمارے پاس ہے‘ جیسے مقبول گانوں کے ذریعے کئی عرصے تک شائقین کے دلوں پر راج کرنے والی جوڑی ایک بار پھر 17 برس بعد میوزیکل کامیڈی فلم میں نظر آئے گی۔

امکان ہے کہ فنے خان رواں برس کے آخر تک ریلیز کی جائے گی، جب کہ فلم میں انیل کپور اور ایشوریا رائے کی الگ الگ جوڑی بنانے سے متعلق کوئی بات سامنے نہیں آسکی۔

مزید پڑھیں: جب ایشوریا کا لباس مصیبت بن گیا

فلم کے ڈائریکٹر اور دوسری ٹیم نے فی الحال فنے خان کا اسکرپٹ آؤٹ نہیں کیا، تاہم خبریں ہیں کہ فنے خان مویزیکل کامیڈی فلم ہوگی۔

خیال رہے کہ ایشوریا رائے بچن کی آخری فلم ہدایت کار کرن جوہر کی ’اے دل ہے مشکل‘ تھی، جو گزشتہ برس دیوالی پر پیش کی گئی، فلم نے اچھا بزنس کیا تھا۔

خبریں ہیں کہ ایشوریا رائے انیل کپور کے ساتھ فنے خان کرنے سمیت اپنے میاں ابھیشک بچن کے ساتھ بھی کسی فلم میں کام کرنے والی ہیں.

مگر تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی یا نہیں؟۔

Read Comments