Dawn News Television

شائع 05 جون 2017 11:40pm

برطانوی پولیس کی جانب سے لندن حملہ آوروں کے دو نام جاری

برطانیہ کی پولیس نے لندن برج میں عوام پر وین چڑھا کر سات افراد کو ہلاک کرنے والے دو حملہ آوروں کے نام اور تصاویر جاری کردی ہیں جن میں سے ایک ماضی میں سیکیورٹی کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور کی شناخت 27 سالہ خرم شہزاد بٹ کے نام سے ہوئی ہے جنھوں نے ماضی میں پولیس اور مقامی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کے لیے خدمات انجام دیں۔

پولیس کے مطابق خرم شہزاد بٹ برطانوی شہری تھے تاہم ان کی پیدائش پاکستان میں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے کوئی خفیہ معلومات نہیں ہیں کہ یہ حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی کا حصہ تھا تاہم تفتیش اسی نقطہ نظر کے تحت کی جارہی ہے'۔

مزید پڑھیں:لندن: دہشتگردوں نے راہگیروں پر گاڑی چڑھادی، 7 افراد ہلاک

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خرم شہزاد بٹ چینل 4 کی 'دی جہادیز نیکسٹ ڈور' کے عنوان سے ایک ڈاکیومنٹری میں بھی نمودار ہوئے تھے جس کو برطانوی انتہاپسندوں نے گزشتہ سال جاری کیا تھا۔

دوسرے حملہ آور کی شناخت 30 سالہ راشد رضوان کے نام سےہوئی ہے جو راشد الکھیدار کے نام سے جانے جاتے تھے اور پولیس کو ان کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں تھیں تاہم ان کا تعلق لیبیا اور مراکش سے ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اب تک تیسرے حملہ آور کی شناخت کے لیے کام کر رہے ہیں۔

قومی انسداد دہشت گردی پولیس کے چیف مارک رولے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'میں ان افراد پر زور دےرہا ہوں جو ان افراد کی حملے سے چند گھنٹوں اور دنوں قبل کی سرگرمیوں اور ان کی رہائش کے حوالے سے جانتے ہیں وہ سامنے آئیں'۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی حراست میں اب بھی 10 افراد موجود ہیں جبکہ ابتدائی طور پر گرفتار کیے گئے 12 افراد میں سے دو کو رہا کردیا گیا ہے۔

Read Comments