توہین عدالت کیس: دانیال عزیز کو وضاحت کی مہلت مل گئی
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پرجوش رہنما دانیال عزیز نے اپنے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر جواب جمع کرانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے مزید مہلت مانگ لی۔
واضح رہے کہ لیگی رہنما کے خلاف یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل محمود احمد جویا کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
دانیال عزیز درخواست کی سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ سردار رضا خان کی سربراہی میں قائم 5 رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔
انہوں نے بینچ کو بتایا کہ جواب تیار تھا تاہم وکیل کی مصروفیت کی بناء پر اسے حتمی شکل نہ دی جاسکی۔
ویڈیو دیکھیں: نازیبا کلمات پر دانیال عزیز نے کیسے معافی مانگی؟
دانیال عزیز کا کہنا تھا 'میں نے اپنے وکیل کی مدد طلب کی تھی تاہم جواب کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی'۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ اپنا جواب جمعہ (16 جولائی) تک جمع کرادیں گے تاہم الیکشن کمیشن نے انہیں 19 جولائی تک جواب جمع کرانے کی مہلت فراہم کردی۔
خیال رہے کہ دانیال عزیز کی جانب سے پریس کانفرنسز کے دوران الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر پی ٹی آئی کے محمود احمد جویا نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
ضمنی انتخابات کا ضابطہ اخلاق چیلنج
دوسری جانب سے ای سی پی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے جہلم اور ساہیوال کے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے کیس کی سماعت کو ملتوی کردیا۔
عمران خان کے وکیل علی بخاری نے کمیشن کو بتایا کہ وہ ضمنی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ چکوال:عمران خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وکیل پی ٹی آئی سے ہائی کورٹ میں کیس میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا۔
علی بخاری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ہائی کورٹ جولائی کے پہلے ماہ میں اس کیس پر سماعت کا آغاز کرے گا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 24 جولائی تک کے لیے ملتوی کردی۔