ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پنجاب کے ضلع چکوال میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

شوکاز نوٹس میں عمران خان کو ضمنی انتخاب سے قبل چکوال میں جلسہ کرکے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

نوٹس میں عمران خان کو اس حوالے سے 6 اپریل تک جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی پی پی 23 چکوال میں 18 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والی تمام جماعتوں کو ضابطہ اخلاق جاری کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'آصف زرداری بھی کسی قطری کا بندوبست کرلیں'

نوٹس کے مطابق ضابطہ اخلاق کے مندرجات الیکشن کمیشن کی ہدایات ہوتی ہیں، جس کی کسی بھی شق کی اگر خلاف ورزی کی گئی تو مرتکب افراد کے خلاف آئین پاکستان اور ریپریزنٹیشن آف پیپل ایکٹ 1976 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد کوئی بھی رکن قومی و صوبائی اسمبلی متعلقہ حلقے یا پولنگ اسٹیشن کا دورہ نہیں کرسکتا۔

نوٹس میں عمران خان کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ ’آپ نے 2 اپریل 2017 کو ضلع چکوال کی تحصیل لاوا میں دورہ اور جلسہ عام سے خطاب کرکے الیکشن کمیشن کے 3 مارچ کے ضابطہ اخلاق کی شق 6 کی خلاف ورزی کی۔‘

مزید پڑھیں: پارٹی انتخابات نہ کرانے پر’پی ٹی آئی‘کا انتخابی نشان روک لیا گیا

یاد رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹر پارٹی انتخابات نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان الاٹ کرنے سے روک لیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ’پالیٹکل پارٹیز آرڈر 2002‘ کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام ہوگئی ہے، جس کے باعث تحریک انصاف کو انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں