Dawn News Television

شائع 15 جون 2017 09:33am

عید الفطر 26 جون کو ہونے کا امکان: محکمہ موسمیات

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک میں شوال کا چاند 25 جون ( بروز اتوار) نظر آجائے گا اور عیدالفطر 26 جون کو ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق فلکیات کے پیرامیٹرز تجویز کرتے ہیں کہ شوال کا نیا چاند 25 جون کو دیکھا جاسکے گا۔

محکے کے مطابق 'شوال کا چاند 24 جون کی صبح 7 بج کر 31 منٹ پر کراسنگ کنجنکشن پوائنٹ پر پیدا ہوجائے گا اور رمضان کی 29 تاریخ یعنی 25 جون کی شام واضح طور پر دکھائی دے گا۔

میٹ آفس کا کہنا ہے کہ عید الفطر کا چاند ملک کے زیادہ تر علاقوں میں دکھائی دے گا تاہم موسم 'کافی یا جزوی ابرآلود' ہوگا۔

دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی سمیت دیگر علماء کی جانب سے چاند کی شہادت کے آزاد اعلانات کے بعد پیدا ہونے والے تنازع سے نمٹنے کے لیے وزارت مذہبی امور نے رواں سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت مذہبی امور سردار محمد یوسف کا حال ہی میں کہنا تھا کہ 'ہم مفتی پوپلزئی کو اجلاس میں مدعو کریں گے اور توقع کی جارہی ہے کہ اگر وہ خود نہیں آتے تو اپنا نمائندہ بھیج دیں گے'۔

اسی دوران حکومت بھی رویت ہلال کمیٹی سے جڑے قوانین کو منظم کرنے میں مصروف ہے تاہم چونکہ یہ اختیار صوبوں کو منتقل کیا جاچکا ہے لہذا اس حوالے سے وفاقی حکومت کو صوبوں کی منشاء بھی درکار ہے۔

دلچسپ بات یہ کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی، جس کے موجودہ سربراہ مفتی منیب الرحمٰن ہیں، کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کیونکہ یہ اختیار 2010 میں صوبوں کو منتقل کردیا گیا تھا۔

تاہم اس کمیٹی کو اب بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے چاند دیکھنے کے لیے مناسب فورم کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔


یہ خبر 15 جون 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

Read Comments