جلال آباد سے پاکستانی قونصلیٹ کے دوافسران لاپتہ
افغانستان کے شہر جلال آباد سے پاکستانی قونصلیٹ کے دو افسران لاپتہ ہوگئے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے پاکستانی قونصلیٹ کے افسران کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اُٹھایا ہے۔
واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں پاکستانی افسران 16 جون 2017 کو براستہ سڑک پاکستان آتے ہوئے راستے میں لاپتہ ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کا علم ہے اور اس حوالے سے افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت نے پاکستانی سفارتی عملے کی بازیابی کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان حکومت سے درخواست کی ہے کہ لاپتہ اہلکاروں جان خان اور اعجاز خان کو بازیاب کرانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں اور اغواکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
دفتر خارجہ کے جاری بیان میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی افسران کی مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں ہیں تاہم یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان اور داعش کے علاوہ متعدد مسلح گروپ سفارتی عملے پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔