Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 جون 2017 09:58am

وزیراعظم کا چیمپیئنز کے لیے 1، 1 کروڑ روپے انعام کا اعلان

اسلام آباد: لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے وزیراعظم نواز شریف نے ایک ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے یہ اعلان جیت کی خوشی میں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کرکٹ ٹیم نے قوم کے حوصلوں کو بلند کیا ہے اور کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کو بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں زیر کیا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق اس بہترین کارکردگی کے مظاہرے پر ٹیم داد کی مستحق ہے اور یہ انعام ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سازگار ثابت ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی کی جانب سے بھی انعام کا اعلان

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے چیمپیئنز ٹرافی جیت کر وطن واپس لوٹنے والی پاکستانی ٹیم کو گرمجوشی سے مبارک باد دی۔

کپتان سرفراز احمد اور تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شہریار خان اور نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کی خدمات کو بھی خوب سراہا۔

اپنے پیغامات میں چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی کا کہنا تھا کہ 'مینجمنٹ کے مثبت اور حمایتی کردار نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ان کے ساتھی سلیکٹرز بھی اس حوالے سے خصوصی داد کے مستحق ہیں'۔

ساتھ ہی چیئرمین پی سی بی نے فاتح ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں 2 کروڑ 19 لاکھ روپے کا بونس بھی درجہ بندی کے حساب سے تمام ارکان کے سینٹرل کانٹریکٹ میں تقسیم کیا جائے گا۔

Read Comments